دوہرے قتل کیس میں دو مجرموں کو سزائے موت، تیسرے کو عمر قید
سرگودھا: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے دوہرے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے دو مجرموں کو سزائے موت جبکہ تیسرے مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجاز الرحمان بیگ نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا، عدالت نے مجرم نصر حیات اور محمد قاسم کو دو افراد کے قتل کے جرم میں سزائے موت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اسی مقدمے میں نامزد تیسرے مجرم رفاقت کو عمر قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا گیا، عدالت نے تینوں مجرموں کو مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جو مقتولین اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو ادا کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق مجرموں نے اگست 2023 میں چک 55 شمالی میں کینو فیکٹری کے قریب ایک کار پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں بلال احمد اور حسن بلال جاں بحق جبکہ محمد عرفان اور ثناء اللہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
تحقیقات کے مطابق مقتولین اور زخمی ہونے والے افراد سیشن عدالت میں پیشی کے لیے جا رہے تھے کہ مقدمہ بازی کی رنجش پر انہیں نشانہ بنایا گیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد تینوں مجرموں کو سخت سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا۔