موجودہ سال خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہے: سہیل آفریدی
پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ موجودہ سال خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ شہر میں سڑکوں، پلوں، لائٹس اور صاف پانی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ پشاور کو ایک ماڈرن شہر بنائیں گے، خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے لئے 200 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں، یہاں پی ٹی آئی کی تیسری حکومت ہے، کچھ لوگ چاہتے ہے کہ بانی کی حکومت کو بدنام کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جب عوام نے پروپیگنڈا کو مسترد کیا تو کرپشن کا بیانیہ بنایا گیا، جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، میں نے کہا کرپشن کے ثبوت لاؤ کارروائی میں کروں گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اب تک کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں لائے ہیں، مجھے میڈیا کی طرف سے کوریج نہیں دی جا رہی ہے، میڈیا پنجاب اور وفاقی حکومت کی کرپشن پر خاموش ہے۔
اُن کا کہنا تھا پاکستان کے تمام ادارے مفلوج ہو گئے، جس صحافیوں نے حق سچ کہا انہیں شہید اور ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو عدالت اور اداروں سے امید نہیں، ان کو پاکستان کے عوام سے امید ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان کے عوام بانی کو رہا کریں گے، جب بھی احتجاج کی کال آئے، سب سے زیادہ تعداد میں خیبرپختونخو سے عوام نکلیں ہیں، پورے نظام کی طاقت بھی ایک ہو جائے تو کوئی میرا کچھ نہیں کر سکتا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی کے علاوہ ہم کسی اور کو نہیں مانتے، تمام طریقے آزمائے ہیں، ایک طریقہ باقی ہے اور وہ ہے احتجاج کا طریقہ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ پیش ہو چکا ہے، اور جلد پاس ہو جائے گا، 2026-27 کا مالی سال خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہے۔