خیبر پختونخوا اسمبلی نے نئے مالی سال کا 2170 ارب کا بجٹ منظور کر لیا
پشاور: (دنای نیوز) پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ منظور کر لیا ہے۔
بجٹ اجلاس میں 66 مطالبات زر کی منظوری دی گئی جن کے لیے وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم اور دیگر وزراء نے الگ الگ تحاریک پیش کیں۔
وزیر قانون و خزانہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترمیم کی تحریک بھی پیش کی، سپیکر نے تمام تحاریک پر ایوان سے رائے شماری کرائی جبکہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کٹوتی کی تحاریک بھی نمٹا دیں۔
اسمبلی نے 66 مطالبات زر کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 170 ارب روپے کی منظوری دی، صوبائی اسمبلی کے لیے 62 کروڑ 79 لاکھ روپے جبکہ محکمہ خزانہ کے لیے 14 ارب 73 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔
داخلہ کے لیے 4 ارب 56 کروڑ سے زائد، پولیس کے لیے ایک کھرب 38 ارب، اعلیٰ تعلیم کے لیے 52 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ صحت کے لیے 2 کھرب 62 ارب 62 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
مزید برآں مواصلات کے لیے 7 ارب 77 کروڑ، آبپاشی کے لیے 11 ارب 27 کروڑ، معدنی ترقی کے لیے 2 ارب 27 کروڑ اور بہبود آبادی کے لیے ایک ارب 24 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔
ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 21 ارب 13 کروڑ 66 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
اسمبلی اجلاس میں بجٹ کی منظوری کے ساتھ مالی سال 2026-27 کے لیے صوبائی اخراجات کا عمل مکمل کر لیا گیا۔