حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن میں زبردست عوامی دلچسپی، اعداد و شمار جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حج 2027 کی لازمی آن لائن رجسٹریشن بلا تعطل جاری ہے جس میں زبردست عوامی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔

نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ جدید حج مینجمنٹ سسٹم کے اعداد و شمار کے مطابق عوام کی جانب سے رجسٹریشن مہم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ابتدائی تین دنوں کے دوران 80 ہزار سے زائد عازمین نے کامیابی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں، عمر کے لحاظ سے اکثریت 25 سے 50 سال کے درمیان افراد پر مشتمل ہے، جسے ایک مثبت رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔

شہروں کے اعتبار سے کراچی سے روانگی کے خواہشمند عازمین کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جبکہ لاہور اور اسلام آباد بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

تعلیمی اعتبار سے رجسٹرڈ عازمین میں ایک ہزار پی ایچ ڈی، 17 ہزار ماسٹرز، 21 ہزار بیچلرز اور 12 ہزار ایف اے یا مساوی تعلیم کے حامل افراد شامل ہیں، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے افراد حج رجسٹریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کی معاونت سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، جس سے شفافیت، سہولت اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم سرکاری تعطیلات کے دوران بھی جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس عمل میں شامل ہو سکیں۔ حج اخراجات، پیکیجز اور دیگر تفصیلات رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں