متحدہ علما بورڈ کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ
لاہور: (دنیا نیوز) متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد نے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
وفد نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات بھی کی جس میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے دوران کیے گئے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، مفتی محمد رمضان سیالوی، حافظ محمد عمر مدنی، حافظ محمد امجد، ڈاکٹر شفیق خان پسروری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی، ڈاکٹر ذوالفقار اور ظفر عباس خواجہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام شامل تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
متحدہ علماء بورڈ کے وفد نے 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ، سکیورٹی اقدامات اور سائبر پٹرولنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کو پُرامن انداز میں گزارنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کا مرکزی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہ کر پنجاب بھر سے رپورٹس موصول کر رہا ہے۔
.jpg)
انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور قیام امن میں علماء کرام کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ علماء کرام محبت، رواداری اور بردباری کا پیغام عام کر کے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔
چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور قیام امن کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام باہمی وحدت، بھائی چارے اور امن کے قیام کے لیے ریاست کے دست و بازو ہیں۔
مفتی انتخاب احمد نوری نے بتایا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور علماء کے قافلہ امن نے پنجاب بھر کا دورہ کیا تاکہ اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے محرم الحرام میں قیام امن کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علماء کرام بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کا سائبر پٹرولنگ سیل سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مواد کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہا ہے، جو قابل تحسین اقدام ہے۔
دورے کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور ملک بھر میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔