خواجہ سعد رفیق کے بیان پر شرجیل انعام میمن کا ردعمل سامنے آگیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے بیان پر سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ن لیگ پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائے اور وہاں کے عوام کو ان کا آئینی حق دے، پھر دوسرے صوبوں کے جمہوری نظام پر تنقید کرے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو مشورہ ہے کہ وہ کراچی کے بلدیاتی نظام پر سوالات اٹھانے سے پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی وجوہات عوام کو بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعجب کی بات ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے گریز کرنے والی جماعت کراچی کے جمہوری عمل اور بلدیاتی نظام پر تنقید کر رہی ہے۔
سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ اگر بلدیاتی انتخابات واقعی جمہوریت کی بنیاد ہیں تو پنجاب کے عوام کو بھی ان کا حق دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات آئین اور قانون کے مطابق منعقد ہوئے، عوام نے اپنے نمائندے منتخب کیے اور جمہوری عمل مکمل ہوا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو عوام کے فیصلے پر اعتراض کرنے کے بجائے جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوامی مینڈیٹ پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوہرے معیار کی سیاست زیادہ دیر تک عوام سے چھپی نہیں رہ سکتی اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور کون صرف بیانات تک محدود ہے۔
شرجیل انعام میمن نے زور دیا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام صوبوں میں آئینی تقاضوں کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔