پاک فوج اور شہدا ماتھے کا جھومر، قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: گورنر پنجاب

راولپنڈی: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاک فوج کے بہادر سپوت شہید کیپٹن کرنل شیر خان نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پاک فوج کے شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

راولپنڈی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم سیاست کر رہے ہیں، پانچ جولائی کے سیاہ اقدام نے ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا، پانچ جولائی 1977 کو منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے جمہوریت کی بحالی کے لئے قربانیاں دیں، جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے پی پی قیادت اور کارکنوں نے صعوبتیں برداشت کیں، جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کریں گے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری محکوم طبقے کی امید ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں