سینیٹر محمد عبدالقادر کا اراکینِ پارلیمنٹ کی مراعات سے متعلق ترمیمی بل کمیٹی سے منظور
اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سینیٹر محمد عبدالقادر کی جانب سے پیش کردہ "دی ممبرز آف پارلیمنٹ (سیلریز اینڈ الاؤنسز) ترمیمی ایکٹ، 2026" پر تفصیلی غور و خوض کے بعد بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
بل کے متن کے مطابق سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو مفت آفیشل (بلیو) پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس کے علاوہ سابق رکنِ پارلیمنٹ کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر کے زیرِ کفالت بچوں کو بھی مفت بلیو پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اِسی طرح بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز (بی پی ایس-22) اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ سہولت پہلے ہی حاصل ہے، لہٰذا سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی اسی معیار کے مطابق مراعات دی جانی چاہئیں۔
قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو حتمی قانون سازی اور ووٹنگ کے لیے سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، تاہم، یہ تجویز اس وقت تک قانون نہیں بنے گی جب تک پارلیمانی کارروائی مکمل ہو کر متعلقہ مراحل طے نہیں کر لیتی۔