کینیڈا سمیت متعدد ممالک میں افغان طالبان کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) افغان طالبان کی پالیسیوں اور ہرات میں مبینہ کریک ڈاؤن کے خلاف کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

کینیڈا میں ویمنز موومنٹ فار فریڈم کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے میں انسانی حقوق کی تنظیموں، افغان خواتین اور حقوقِ نسواں کی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین نے عالمی برادری سے افغانستان میں خواتین کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

شرکا نے افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی بحالی، خواتین کے خلاف مبینہ صنفی امتیاز کے خاتمے اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے "تعلیم سب کے لیے" اور "صنفی تفریق کا خاتمہ کرو" کے نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی پالیسیاں خواتین کے بنیادی حقوق محدود کرنے اور ان پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا تسلسل ہیں۔

دوسری جانب بعض ماہرین کے مطابق طالبان حکومت کے خلاف اندرون اور بیرونِ ملک سامنے آنے والی مزاحمتی سرگرمیاں عوامی حمایت اور مکمل کنٹرول سے متعلق طالبان کے دعوؤں کو چیلنج کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں، معاشی مشکلات اور سفارتی تنہائی افغانستان کی موجودہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں