عوامی مسائل نظرانداز، حافظ نعیم الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا حکومت پر عوامی مسائل نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

صوبائی دارلحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا  کہ حکومت نے جنگی حالات اور عالمی مارکیٹ کا جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جب کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ پٹرول پر بھاری لیوی وصول کی جا رہی ہے اور حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا رہی ہے،  ایسے افراد سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے جن پر ٹیکس عائد نہیں ہونا چاہیے جب کہ حکومت لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کر چکی ہے، مگر توانائی کے شعبے اور ریفائنریز میں مطلوبہ بہتری نہیں آئی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں عام آدمی کے مسائل اجاگر کرنے والی سیاسی آواز جماعت اسلامی ہے، کسان، مزدور، نوجوان اور متوسط طبقہ معاشی مشکلات کا شکار ہیں جب کہ حکومتی اخراجات اور مراعات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے آئی پی پیز کے معاہدوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا بوجھ عوام پر منتقل ہو رہا ہے اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

ان کا تعلیمی نظام پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں معیاری تعلیم کا فقدان ہے اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی جلد چھوٹے اور بڑے شہروں میں احتجاجی سرگرمیاں کرے گی، انہوں نے کارکنوں اور نوجوانوں کو آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی طاقت کے ذریعے حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں