ننکانہ: اغواء ہونے والی 4 سالہ بچی کی لاش نہر سے برآمد، مبینہ زیادتی کا انکشاف
ننکانہ صاحب:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں چار روز قبل اغواء ہونے والی 4 سالہ بچی کی لاش قریبی نہر سے برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ معصوم بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، جس کے بعد ملزم نے لاش نہر میں پھینک دی۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے مرکزی ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ اس سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق بچی کے اغواء کا مقدمہ چار روز قبل تھانہ واربرٹن میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی والدہ خانیوال سے اپنے ماموں کے گھر آئی ہوئی تھیں جب کہ متاثرہ خاندان ڈیرہ اعظم کھوکھر میں عارضی طور پر رہائش پذیر ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، حتمی حقائق تفتیش اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔