زیارت حملہ: شہداء کے لواحقین کیلئے معاوضے کی منظوری
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ 11 لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ تمام شہداء کے لواحقین کو ان کی دہلیز پر معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر معاوضوں کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامی اور مالی کارروائیاں انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کی گئیں۔
شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی کفالت، اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مالی معاوضہ انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں، تاہم حکومت بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔