ایف بی آر کے گودام سے 25 کروڑ روپے کے سگریٹ غائب، مقدمہ درج
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کے گودام سے 25 کروڑ روپے کے سگریٹ غائب ہو گئے، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا۔
ایف بی آر گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹس غائب ہونے کے سکینڈل میں ایف آئی اے نے ایف بی آر کے 5 اہلکاروں اور نجی کمپنی کے 3 مالکان سمیت 8 افراد کو نامزد کیا، گرفتاریوں کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد سفیر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، نامزد ملزمان میں انسپکٹر کامران، انسپکٹر نوید، ڈرائیور، سیکیورٹی گارڈ، نائب قاصد، نجی کمپنی کے دو ڈائریکٹرز اور منیجر شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فروری 2024 میں صوابی میں سگریٹس کے ایک ہزار 262 کارٹن پکڑے گئے، جنہیں مردان کے ایف بی آر ویئر ہاؤس میں منتقل کیا گیا، بعد میں انسپکٹر کامران اور نوید نے ایک ہزار 202 کارٹن مردان سے صوابی منتقل کیے، لیکن صوابی گودام پہنچنے پر ٹرکوں سے 908 کارٹن غائب پائے گئے۔
انسپکشن میں مجموعی طور پر دو ہزار 828 کارٹن غائب پائے گئے، ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سگریٹس کی مبینہ چوری میں ایف بی آر کے انسپکٹرز اور دیگر عملہ براہ راست ملوث تھا اور ملزمان نے مبینہ ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو 25 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
متن کے مطابق گوداموں میں جان بوجھ کر لاگ بک تیار نہیں کی گئی اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں کیے گئے، جبکہ 908 کارٹن غائب ہونے کے باوجود ایف بی آر نے نہ کارروائی کی اور نہ ہی پولیس کو اطلاع دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments