پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو منصوبوں کو عالمی اعزازات، مریم نواز کا اظہار مسرت
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP)، امریکا نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو ٹیکنالوجی سے چلنے والی گاڑیوں کے جرائم کی روک تھام میں عالمی قیادت کے اعتراف میں 2026 کا "لیڈرشپ اِن دی پریونشن آف وہیکل کرائمز ایوارڈ" دینے کے لیے منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا منصوبہ "میرا پیارا" (بچوں کی حفاظت کے لیے ورچوئل سینٹر) اقوام متحدہ کے WSIS ایوارڈز 2026 میں ای گورننس کے زمرے میں "چیمپئن پروجیکٹ" قرار پایا ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 10, 2026
مریم نواز کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو منصوبے، "ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن" اور "ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی"، ای گورننس کے شعبے میں دنیا کے بہترین 20 منصوبوں میں بھی شامل کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ بین الاقوامی اعزازات پنجاب حکومت کے سمارٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ڈی جی پی ایس سی اے احسن یونس کی قیادت کو بھی سراہا۔