کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر فوری دھرنا ختم کرے: راجہ امجد علی
مظفرآباد:(محمد اسلم میر) کالعدم مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے سابق کور رکن راجہ امجد علی خان نے راولاکوٹ میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری لانگ مارچ اور دھرنا فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ویڈیو پیغام میں راجہ امجد علی کا کہنا تھا کہ احتجاج کے باعث پونچھ ڈویژن، بالخصوص راولاکوٹ کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور متعدد قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کمیٹی کی قیادت، عمر نذیر کشمیری اور خواجہ مہران، سے اپیل کی کہ عوامی مفاد میں احتجاج ختم کر کے علاقے میں امن، استحکام اور معمولاتِ زندگی بحال کیے جائیں۔
راجہ امجد علی نے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا اطلاعات پر انحصار کرنے کے بجائے امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کریں۔