جج پر ’’کالا جادو‘‘ کرنے والی خاتون خود ہی مشکل میں پھنس گئی

کرناٹک: (ویب ڈیسک) اپنے حق میں فیصلہ لینے کیلئے جج پر کالا جادو کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون خود ہی مشکل میں پھنس گئی۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سول کیس جیتنے کیلئے جج پر کالا جادو کرنے کے الزام میں 65 سالہ خاتون کو گرفتار کر کے 14 روزہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون نے زمین کے زیر التوا سول تنازع کے فیصلے کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش میں جج کی کرسی اور ڈائس پر سفید سرسوں کے دانے چھڑکے، ملزمہ کی شناخت منجولا کے نام سے ہوئی، جسے سی سی ٹی وی کیمرے میں جج کی کرسی پر سفید سرسوں چھڑکتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

یہ واقعہ فرسٹ ایڈیشنل سول اور جے ایم ایف سی کورٹ میں پیش آیا، عدالت کے عملے نے جج کی کرسی پر سفید سرسوں بکھری ہوئی دیکھی اور فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی، جس میں خاتون کو یہ حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا، کورٹ ایڈمنسٹریٹر نے پولیس میں ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کرایا۔

پولیس حکام کے مطابق منجولا نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اس نے جادو ٹونا اس یقین کے ساتھ کیا تھا کہ اس سے اسے کیس جیتنے میں مدد ملے گی، خاتون کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں