شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل دنیا کے خزانے بھی نہیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل دنیا کے خزانے بھی نہیں۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے، قوم بحیثیت مجموعی دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، تنخواہ تو کیا دنیا کے سارے خزانے بھی شہداء کی قربانیوں کیلئے کم ہیں، ہم اپنے جوانوں کی قربانیوں کے معترف ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، سیاست دانوں کو جوشِ خطابت میں الفاظ کے انتخاب میں احتیاط کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔

بیرسٹر گوہر خان نے آزادکشمیر انتخابات سے متعلق کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ کا پارٹی کا فیصلہ برقرار ہے، تاہم اگر آزادکشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...