پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کا شیڈول اور سکواڈز کا اعلان کر دیا
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے شیڈول اور چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز ہوں گے، تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نئے ڈومیسٹک سیزن کے آغاز کے ساتھ ساتھ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، نیشنل سلیکشن کمیٹی نے چاروں ٹیموں کے لیے 11، 11 رکنی اسکواڈز کے علاوہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے، جنہیں ضرورت پڑنے پر اسکواڈ میں شامل کیا جا سکے گا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز شرکت کریں گی۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے، جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ ہیڈ کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت شامل ہیں۔
صائم ایوب کی ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل ہیں، جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس نمایاں کھلاڑی ہیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا بورڈ کی ترجیح ہے تاکہ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کی مؤثر انداز میں تیاری کی جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments