گزشتہ پانچ برس روس کیلئے انتہائی مشکل اور تاریخ ساز رہے، صدر پوتن
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برس روس کے لیے انتہائی مشکل، ذمہ دار اور تاریخ ساز رہے، جن میں ملک نے اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے۔
کریملن میں آٹھویں اسٹیٹ ڈوما کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے قانون سازوں کی گزشتہ پانچ برسوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پیشہ ورانہ انداز میں ایسے قوانین منظور کیے جن سے ملکی دفاع، معیشت، سماجی شعبے اور عوام کو تقویت ملی۔
صدر پوتن نے کہا کہ روس آج بھی اپنی سلامتی، آزادی، حق اور انصاف کے لیے جدوجہد کر رہا ہے اور خصوصی فوجی آپریشن میں شریک اہلکار پوری قوم کی حمایت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس مخالف پابندیوں اور بیرونی دباؤ کے باوجود ملکی معیشت نے استحکام برقرار رکھا ہے اور حکومت دفاع کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح، صحت، تعلیم، ثقافت، خاندانی نظام اور بچوں کی معاونت کو بھی ترجیح دیتی رہی ہے۔
صدر پوتن نے کہا کہ ستمبر میں اسٹیٹ ڈوما کے نویں دور کے انتخابات منعقد ہوں گے اور امیدواروں کو انتخابی مہم کے دوران عوام سے براہِ راست رابطہ مضبوط بنانے اور ان کے مسائل سننے چاہییں تاکہ انہیں بعد ازاں قانون سازی کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
خطاب کے اختتام پر صدر پوتن نے ارکانِ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تاریخی مرحلہ روس کے لیے فیصلہ کن ہے اور پارلیمنٹ نے عوام کے حقیقی نمائندے ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "روسی عوام اپنے منتخب نمائندوں پر فخر کر سکتے ہیں، کیونکہ وہ قوم کا ایک مضبوط دستہ ثابت ہوئے ہیں۔"
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments