اسحاق ڈار کی دعوت پر کویتی وزیرِ خارجہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے، کویتی وزیرِ خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق کویتی وزیرِ خارجہ یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کر رہے ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اِسی طرح دورے کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، توانائی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) July 28, 2026
ترجمان کا کہنا تھا کہ کویتی وزیرِ خارجہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب دفترِ خارجہ نے مزید بتایا کہ کویتی وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments