الزام سے کچھ نہیں ہوگا، بلاول اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کریں: مریم نواز
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ الزام سے کچھ نہیں ہوگا، بلاول اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کریں۔
صوبائی دارالحکومت میں آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن کے انتخابات میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا پارٹی قیادت اور کارکنان کی انتھک محنت کو جاتا ہے، اس لیے تمام کارکنان مبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی نے نامناسب زبان استعمال کی، پیپلز پارٹی کے جلسوں میں عوامی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی۔
مریم نواز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کرنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 17 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے، لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو عوام کو سندھ کا کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں بتا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور ناکافی صحت کی سہولیات سے نجات چاہتے ہیں اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صرف الزامات اور رونے دھونے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے جہاں حقائق اور کارکردگی سب کے سامنے آ جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سینئر سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن ووٹرز سمجھ چکے تھے کہ ان کے پاس عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے کوئی نمایاں کارکردگی موجود نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام نے کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کے حق میں ووٹ دیا ہے، ان کے بقول بلاول بھٹو یہ بھول گئے کہ گزشتہ ایک سال سے آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہے، اس کے باوجود انہوں نے وفاقی حکومت پر الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا کہ جب کارکردگی نہ ہو تو دھاندلی کے الزامات لگانا آسان ہوتا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی مبینہ دھاندلی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، جمہوریت میں عوام کے ووٹ اور فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments