احتجاجی تحریک تیز، ضرورت پڑی تو دھرنا طویل کریں گے: حافظ نعیم الرحمان
لاہور:( دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک تیز کردی، ضرورت پڑی تو دھرنا طویل کریں گے۔
صوبائی دارالحکومت میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے پاکستان میں سیکڑوں مقامات پر عوام احتجاج کر رہے ہیں، کراچی کے ساحلوں سے لے کر لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ احتجاج عوامی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے اور ضرورت پڑی تو دھرنا طویل بھی کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی، ٹیکسز اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود عوام کو مہنگا پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔
انہوں کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور حکمرانوں کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے، غریب، مزدور، کسان، طلبہ اور متوسط طبقے پر معاشی بوجھ کم کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عوامی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے جب کہ احتجاج کے دوران کارکنوں کو نظم و ضبط برقرار رکھنے اور شہریوں خصوصاً ایمبولینسوں کے لیے راستہ کھلا رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments