خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار والوں کی دھرتی، تباہ نہیں ہونے دیں گے: عطا تارڑ

پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختون اور غیرت لازم و ملزوم ہیں، خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار والوں کی دھرتی ہے، اسے تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سانحہ کوہاٹ کے زخمیوں کے بلند حوصلے نے مجھے مضبوط کیا، شہید کانسٹیبل فہیم کے والد عزم و حوصلہ کی داستان کی مانند تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ریڈیو پاکستان پشاور ہمارا تاریخی اور قومی اثاثہ ہے، پاکستان بننے کا اعلان ریڈیو پاکستان پشاور سے کیا گیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ذہنی غلام ہیں، یہ کبھی پاکستان کی تعمیر و ترقی کی بات نہیں کریں گے، جھوٹا بیانیہ چلانا ہو تو اس کام میں تحریک انصاف بہت آگے ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف والوں کو مکار اور بہروپیے قرار دیتے ہوئے کہا کہ خودمختاری اور ترقی کی بات ہمیشہ مسلم لیگ (ن) نے کی، یہ بہروپیے ہیں، ان کا ہماری مٹی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں حق اور باطل، سچ اور جھوٹ کے درمیان فیصلہ کرنا ہوگا، ریڈیو پاکستان کی عمارت سے کسی کو کیا دشمنی ہوسکتی تھی؟ چاغی کے پہاڑ کے ماڈل کو بھی جلایا گیا، یہ سیاسی لوگ نہیں، انتشار پھیلاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این ایف سی میں خیبرپختونخوا کو انسداد دہشتگردی کیلئے ڈیڑھ سوارب سے زائد ملے: عطا تارڑ

عطا تارڑ نے کہا کہ نوازشریف نے دنیا کی مخالفت مول لے کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، نوازشریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سے ملنے والے امن و امان کی مد میں ملنے والا ڈیڑھ سو ارب کھا گئے، جھوٹا بیانیہ بنانے اور جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے میں یہ ماہر ہیں۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف کو ٹی ٹی پی کی ’بی‘ ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹی ٹی پی کی مذمت نہیں کریں گے، ان کے ساتھ دہشت گرد ملے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مائننگ ٹھیکوں کا پیسہ یوٹیوبرز اور بیرون ملک جاتا ہے، ان کی بھیانک شکل لوگوں کو دکھانے آیا ہوں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ان کے اسلام آباد جانے کا نہیں، اقتدار سے جانے کا وقت آگیا ہے، ان کو اسلام آباد میں انتشار نہیں پھیلانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی نیت اور طبیعت بھی خراب ہے، وفاق نے خیبرپختونخوا کو جو پیسہ دیا اس کا حساب کون دے گا؟ صوبائی حکومت کو فنڈز نہ ملنے کے بہانے کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے 13 سالوں کا حساب دو، رسیدیں نکالو، ہم اس خوبصورت صوبے کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...