دعا ہے دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے عروج اور نشاۃِ ثانیہ کا ذریعہ بنے: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دعا ہے دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے عروج اور نشاۃِ ثانیہ کا ذریعہ بنے۔

ملتان میں ممتاز سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کو اسلامی دنیا کے اتحاد اور اجتماعی سلامتی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ہمیشہ سے جے یو آئی کے منشور اور نظریے کا حصہ رہی ہے، پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدے میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شریک ہونا چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ معاہدہ اجتماعی سلامتی کا مضبوط ستون اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دفاعی معاہدہ اس امر کا ثبوت ہے کہ امت مسلمہ کے مفادات مشترک ہیں جب کہ یہ اسلامی مقدسات کے وقار اور تحفظ کے عزم کی بھی علامت ہے، معاہدہ اسلامی ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ملت اسلامیہ کی مضبوطی، یکجہتی اور اتحاد کے لیے اہم سنگِ میل ہے، سعودی عرب حرمین شریفین کی نگہبانی کے اعزاز کے باعث تمام مسلمانوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتا ہے اور پاکستانی عوام حرمین شریفین کے دفاع کو عظیم اعزاز اور مقدس مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے دعا کی کہ پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے عروج اور نشاۃِ ثانیہ کا ذریعہ بنے، انہوں نے اپنی جماعت کی جانب سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سربراہان کو دلی مبارکباد بھی پیش کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...