مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: بھارتی میڈیا پاکستان کیلئے مفادات کے اعتراف پر مجبور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، سعودیہ، ترکیہ مشترکہ دفاعی تعاون کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بھی پاکستان کے لیے اس کے ممکنہ دفاعی فوائد کا اعتراف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے نے پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم دفاعی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی انضمام، مشترکہ فوجی مشقیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرسکتی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ دفاعی پیداوار پاکستان کی جنگی تیاریوں کو مزید مضبوط کرسکتی ہے جبکہ دفاعی تعاون کے نتیجے میں پاکستان کو ترکیہ کی جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی ہوسکتی ہے۔

بھارتی میڈیا نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی مالی معاونت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پاکستان کے اہم اسٹریٹجک مفاد میں ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی، سعودی عرب کے مالی وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں مل کر ایک مؤثر دفاعی امتزاج تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک سعودی ترکیہ دفاعی تعاون کا بڑھتا ہوا دائرہ بھارت کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے معاہدے کے ممکنہ دفاعی فوائد کا اعتراف اس کی سٹریٹجک اہمیت کا واضح اظہار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...