آزاد کشمیر انتخابات، باغ اور حویلی میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوگی
مظفرآباد: (محمد اسلم میر): آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے کے لیے ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی مہم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی، جس کے بعد امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور انتخابی کارکنوں پر ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی عائد ہوگی۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے امیدواروں کو انتخابی قوانین، ضابطہ اخلاق اور کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابی مہم 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب 12 بجے مقررہ وقت پر ختم ہو جائے گی، اس کے بعد کسی امیدوار، سیاسی جماعت یا انتخابی کارکن کو انتخابی مہم جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد جلسے، جلوس، ریلیاں، کارنر میٹنگز اور دیگر انتخابی اجتماعات منعقد کرنے یا ان میں شرکت پر بھی پابندی ہوگی، کسی بھی نوعیت کی انتخابی سرگرمی انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ پولنگ کے دن کے حوالے سے کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ایسی کسی سرگرمی سے گریز کریں جس سے انتخابی عمل متاثر ہونے یا امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہو۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ 10 اگست کو ہوگی۔
انتخابی مہم کے آخری روز سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے ووٹرز سے رابطوں، کارنر میٹنگز اور انتخابی اجتماعات کے ذریعے اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
باغ اور حویلی کے حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، تیسرے مرحلے کے نتائج حکومت سازی کے لیے بھی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابی مہم کے اختتام کے بعد جلسے، جلوس، ریلی یا کارنر میٹنگ منعقد کرنے، ان میں شرکت کرنے یا کسی بھی دوسرے طریقے سے ووٹرز پر اثرانداز ہونے کی کوشش پر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل کو پرامن رکھنے میں الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔
انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ قوانین کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، باغ اور حویلی کے ووٹرز 10 اگست کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔
تیسرے مرحلے کے نتائج سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 چار مراحل میں کرائے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں 27 جولائی کو پولنگ ہوئی، دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں اور پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے 12 حلقوں میں 2 اگست کو انتخابات ہوئے۔
تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ ہوگی، چوتھے مرحلے میں سدھنوتی کے دو اور راولاکوٹ کے پانچ انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments