میر رضا کیس: ابتدائی رپورٹ میں گولی اور تشدد سے متعلق اہم انکشافات

کراچی: (دنیا نیوز) میر رضا کیس کی ابتدائی رپورٹ میں اہم شواہد اور انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ میر رضا کو گولی جسم کے پچھلے حصے کی جانب سے لگی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں میر رضا کے جسم پر تشدد کے نشانات کی موجودگی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جسے تفتیش میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس سرجن کی جانب سے اٹھائے گئے تمام 14 سوالات کے جوابات بھی ابتدائی رپورٹ میں شامل کر دیئے گئے ہیں، گولی لگنے اور مبینہ تشدد سے متعلق اہم شواہد بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں تفتیشی حکام کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ہلاکت سے متعلق یہ ابتدائی رپورٹ تفتیش کے لیے اہم بنیاد فراہم کرے گی اور آئندہ تحقیقات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

قبر کشائی کے دوران 17 سیمپلز حاصل کئے گئے

نوجوان تاجر میر رضا علی کی پراسرار موت کے کیس میں قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 سیمپلز حاصل کیے گئے ہیں، تفتیشی ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے قبر سے نکالی گئی باقیات سے مختلف نوعیت کے نمونے حاصل کیے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 نمونے ڈی این اے جانچ جبکہ دیگر نمونے کیمیکل ایگزامینیشن کے لئے حاصل کیے گئے ہیں، میڈیکل بورڈ کے ارکان مجموعی طور پر 19 سیمپلز کی جانچ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق میر رضا علی کے والدین سے 2 ریفرنس سیمپلز بھی حاصل کیے گئے ہیں، جن سے ڈی این اے میچ کیا جائے گا۔

قبر سے نکالی گئی باقیات اور والدین کے سیمپلز سے یہ تصدیق کی جائے گی کہ قبر سے ملنے والی لاش کی باقیات میر رضا علی کی ہی ہیں یا نہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق قبر کشائی کے دوران حاصل کیے گئے تمام نمونے محفوظ کرلئے گئے ہیں، جنہیں مزید طبی اور فرانزک جانچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...