معاہدہ مکہ، سہ ملکی اسلامی اتحاد وقت کی اہم ضرورت تھا: رانا تنویر حسین
شیخوپورہ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا سہ ملکی اسلامی اتحاد وقت کی اہم ضرورت تھا۔
اپنے آبائی علاقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ ملکی اسلامی اتحاد وقت کی اہم ضرورت تھا، اس اتحاد میں مزید اسلامی ممالک بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے حالات کے تناظر میں یہ اتحاد ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ اور امریکا کی پشت پناہی کے پیش نظر ایسے اتحاد کی ضرورت تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ نہ بھی ہوا تو پاکستان ماضی کی طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، حرمین شریفین کے دفاع اور تحفظ کے لیے پاکستان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایرانی حملوں پر پاکستان کو تشویش ہے، تاہم حالات فی الحال اتنے سنگین نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب پر حملے کو پاکستان اپنے اوپر حملہ تصور کرے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے مراحل مکمل ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، بلاول بھٹو زرداری کو میچور رویہ اختیار کرنا چاہیے، غیر ضروری بیانات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے اتحاد کا کوئی امکان نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، تاہم پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک انتشاری ٹولہ ہے۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے کے حوالے سے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک پانی نہیں چھوڑا، اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان بھی بھارت کو نہیں چھوڑے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے میں سیلاب کی صورتحال نہیں، مون سون بارشوں کی وجہ سے طغیانی سے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیے اقدامات کیے ہیں، زیادہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
مہنگائی کے حوالے سے رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف مہنگائی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، امریکا ایران جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مکمل جنگ بندی کے بعد حالات معمول پر آجائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments