گوگل جیمنائی کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) گوگل کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی ایپ جیمنائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو افسر سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اس سنگ میل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جیمنائی گوگل کی تیز ترین ایک ارب صارفین کا ہندسہ عبور کرنے والی سروس بن گئی ہے۔
سندر پچائی کے مطابق ہر ماہ ایک ارب افراد جیمنائی ایپ استعمال کر رہے ہیں، جبکہ یہ گوگل کی 14ویں سروس ہے جس کے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچی ہے۔
اس کامیابی کے بعد جیمنائی، چیٹ جی پی ٹی کے بعد دنیا کا دوسرا مقبول ترین اے آئی سسٹنٹ بن گیا ہے، چیٹ جی پی ٹی نے جون 2026 میں ایک ارب ماہانہ صارفین کا سنگ میل عبور کیا تھا، جبکہ جیمنائی نے تقریباً ڈھائی سال میں یہ ہدف حاصل کرلیا۔
گوگل نے جیمنائی کو 2024 کے آغاز میں متعارف کرایا تھا، ماہرین کے مطابق گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم نے بھی جیمنائی کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ متعدد سمارٹ فونز میں ڈیفالٹ اے آئی سسٹنٹ کے طور پر دستیاب ہے۔
سندر پچائی نے عندیہ دیا ہے کہ جیمنائی سے متعلق مزید اہم اپ ڈیٹس کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جن کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
جیمنائی کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کے باوجود گوگل کو اے آئی کے میدان میں اوپن اے آئی اور اینتھروپک سمیت دیگر کمپنیوں کی جانب سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments