سعودی عرب کی کولمبیا کی گولان ہائٹس پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کی مذمت
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کولمبیا کی جانب سے شام کی مقبوضہ شامی گولان ہائٹس پر اسرائیل کی خودمختاری کو تسلیم کئے جانے کی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی قرار دیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ کولمبیا کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1981 میں منظور کی جانے والی قرارداد 497 کی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں گولان ہائٹس پر اسرائیل کے اپنے قوانین، دائرہ اختیار اور انتظامیہ کے نفاذ کو ’کالعدم اور بین الاقوامی قانونی اثر کے بغیر‘ قرار دیا گیا۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ اس طرح کے موقف خطے میں امن کے حصول میں معاون نہیں اور امن کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں، مملکت نے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ’گولان ہائٹس شام کی مقبوضہ سرزمین ہیں، اس کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق کوئی بھی قدم یا فیصلے اس طرح کے اقدامات کو کوئی جواز فراہم نہیں کرتے۔
بیان میں مملکت نے کولمبیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے مؤقف پر نظرثانی کرے، بین الاقوامی قانون اور متعلقہ قراردادوں کی پاسداری کرے، خطے میں سلامتی، استحکام، منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کے لئے کوششوں کی سپورٹ جاری رکھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments