نجی رجسٹرڈ حج آپریٹرز کو کوٹہ الاٹ نہ کرنے پر حکومت سے جواب طلب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں حج پالیسی 2027 تا 2030 اور پرائیویٹ حج سکیم میں نئے آرگنائزرز کے لیے پری رجسٹریشن کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا نوٹس چیلنج کردیا گیا۔

نجی رجسٹرڈ حج آپریٹرز نے حج کوٹہ الاٹ نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا۔

عدالت نے حج پالیسی 2027-2030 کی تیاری اور منظوری کی کارروائی کے منٹس، نئے گروپس کی آزادانہ تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ کار اور نئے حج آپریٹرز کے لیے مقرر کردہ معیار کی تفصیلات طلب کرلیں، وفاقی حکومت، وزارت مذہبی امور اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک نئے حج آپریٹرز کو حتمی حج کوٹہ الاٹ کرنے سے روک دیا، تاہم 21 جولائی کے نوٹیفکیشن کے تحت نئے حج آپریٹرز کے لیے جاری کارروائی فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے قرار دیا کہ 21 جولائی کے نوٹیفکیشن کے تحت کارروائی جاری رکھیں، تاہم آئندہ سماعت تک نئے آپریٹرز کو حتمی کوٹہ جاری نہ کریں، حکمنامے میں کہا گیا کہ حج کوٹہ کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے پر فریقین کے حقوق متاثر اور درخواست غیر مؤثر ہوسکتی ہے۔

عدالت نے 26 اگست کو سماعت سے پہلے جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رجسٹرڈ حج گروپ آرگنائزرز ہیں، رجسٹریشن کے باوجود گروپ کو حج کوٹہ الاٹ نہیں کیا گیا۔ پالیسی میں دو کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں، میرٹ لسٹ میں ہونے کے باوجود کوٹہ نہیں دیا گیا، سابقہ نظام کے تحت ان کی جانچ پڑتال بھی کی گئی تھی، تاہم سابقہ رجسٹریشن، جانچ پڑتال اور تجربہ بے معنی ہو کر رہ گیا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ حج پالیسی و پلان 2027 تا 2030 متعلقہ قانون اور قواعد کے تحت مجاز اتھارٹی نے تشکیل دیا ہے یا نہیں؟ کیا پرانے نان کوٹہ رجسٹرڈ حج گروپ آرگنائزرز کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟ عدالت نے وزارت مذہبی امور اور دیگر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کمرہ عدالت میں نوٹس وصول کرلیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ حج انتظامات اور وقت کی حساسیت سے آگاہ ہے، 21 جولائی کے نوٹس پر شروع کی گئی کارروائی معطل کرنا مناسب نہیں، تاہم درخواست میں اٹھائے گئے سوالات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

حج انتظامات اور وقت کی حساسیت کی وجہ سے رجسٹرار آفس کیس 26 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کرے۔ کیس کی سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...