ہری پور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق
ہری پور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کے ضلع ہری پور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ہری پور کے تھانہ سٹی کی حدود میں جی ٹی روڈ درویش موڑ کے قریب نامعلوم مسلح شخص نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق ہوگیا جب کہ اس کی اہلیہ خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ میاں بیوی محکمہ صحت کے ملازم تھے اور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزم نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ جاں بحق شخص کی لاش ٹراما سنٹر منتقل کردی گئی ہے۔
حکام نے اِس حوالے سے مزید بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جب کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments