حج 2027 کا نظام مکمل ڈیجیٹلائز، عازمین پیسوں کی ادائیگی بھی آن لائن کرسکیں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حج 2027 کے پورے نظام کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولت، شفافیت اور آسانی فراہم کرنا ہے۔

حج 2027 کے ڈیجیٹل نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ چار لاکھ سے زائد افراد نے گھر بیٹھے حج کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج سے رجسٹرڈ عازمین حج درخواست مکمل کرنے کے ساتھ حج اخراجات کی پہلی قسط بھی گھر بیٹھے ڈیجیٹل ذرائع سے جمع کراسکیں گے۔ نئے نظام کے ذریعے عازمین کو بینکوں کی لمبی قطاروں، غیر ضروری سفر اور کاغذی کارروائی سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے درخواست دینے سے لے کر ادائیگی تک آسان، محفوظ اور جدید ڈیجیٹل سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر پاکستانی عازم حج اپنے گھر سے زیادہ سے زیادہ مراحل مکمل کرسکے۔

سردار محمد یوسف کے مطابق حج 2027 کی سرکاری حج اسکیم کے لیے ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ عازمین حج کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے تمام رجسٹرڈ عازمین کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی حج درخواستیں جمع کرائیں اور پہلی قسط بروقت ادا کریں تاکہ حج 2027 کے لیے ان کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوسکے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت حج انتظامات کو مزید آسان، شفاف اور جدید بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ڈیجیٹل نظام حج انتظامات میں ایک نئے اور بہتر دور کا آغاز ثابت ہوگا اور اس سے عازمین کو سہولت کے ساتھ ساتھ نظام میں شفافیت بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...