جسے مردِ آہن بنا کر پیش کیا گیا، آج اسی کی جماعت ہسپتال منتقلی کی فریاد کر رہی: وزیر دفاع
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جسے مردِ آہن بنا کر پیش کیا گیا، آج اسی کی جماعت ہسپتال منتقلی کی فریاد کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ ایکس‘ پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد کو جیل سے نکالنے اور این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے ایک بانی کو عدلیہ سے غیر معمولی ریلیف ملنے پر پوری جماعت نے جس انداز میں جشن منایا، وہ اس خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر لایا جائے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) August 18, 2026
وزیر دفاع نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ جس شخص کو تحریک انصاف کی جانب سے ’مردِ آہن‘ کے طور پر پیش کیا جاتا رہا، آج اسی کی جماعت اسے جیل سے ہسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آ رہی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم تحریک انصاف کو اپنے بیانیے میں موجود واضح تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدرت کا انتقام ہے، تکبر کے ہمالیہ پہاڑ سے آج مارگلہ کی پہاڑیاں بھی بلند ہیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے، آمین۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments