پاور ڈویژن کی درآمدی کوئلے کی خریداری کے طریقہ کار میں خرابیوں کی نشاندہی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاور ڈویژن نے درآمدی کوئلے کی خریداری کے طریقہ کار میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو نئی اصلاحی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں، جن کے تحت خریداری کے ابتدائی مرحلے میں سالانہ 380 ملین روپے کی بچت متوقع ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کی زیرصدارت کوئلے کی خریداری سے متعلق متعدد اجلاس ہوئے، جن میں کوئلے کی خریداری کا اصل ڈیٹا، معاہدوں اور مارکیٹ میں رائج طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومت درآمدی کوئلے کی خریداری، درآمد اور ترسیل کے شعبے میں اصلاحات کا عمل شروع کررہی ہے، کوئلے کی خریداری کے لیے بہترین دستیاب رعایت کا اصول متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت کم رعایت دینے والے عالمی سپلائر سے کول پاور پلانٹس کو کوئلہ خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق اس سے قبل مختلف پاور پلانٹس ایک ہی کول سپلائر سے مختلف رعایتیں حاصل کرتے رہے، کوئلے کی خریداری پر مختلف پاور پلانٹس کو 25 سینٹ سے 7.12 ڈالر فی ٹن تک کی مختلف رعایتیں ملتی رہیں، جبکہ بعض بیک اپ سپلائی معاہدوں میں مرکزی سپلائی معاہدوں سے بھی زیادہ رعایت حاصل کی گئی۔

پاور ڈویژن کے مطابق بعض کول پاور پلانٹس نے معاہدے کے باوجود زیادہ رعایت دینے والے سپلائر سے کوئلہ نہیں خریدا، جس کے نتیجے میں کوئلے کی خریداری کی اضافی لاگت براہِ راست بجلی صارفین پر منتقل ہوتی رہی۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاور ڈویژن ڈیٹا اور مارکیٹ کے تجزیے کے ذریعے کوئلے کی خریداری کے طریقہ کار میں خامیوں کی نشاندہی کررہا ہے اور انہیں مؤثر ریگولیٹری و پالیسی اقدامات کے ذریعے دور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت کا براہِ راست فائدہ بجلی صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ کوئلے کی خریداری میں مداخلت کا مقصد تجارتی معاملات میں دخل اندازی نہیں بلکہ ایندھن کی خریداری کو مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔

اویس لغاری کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لیے ایندھن کی لاگت بجلی صارفین سے وصول کی جاتی ہے، اس لیے ایندھن کی خریداری مؤثر، شفاف اور کم سے کم لاگت پر ہونی چاہیے۔ پاور ڈویژن کا مقصد غیر ضروری اخراجات ختم کرکے بجلی صارفین کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...