پاکستان کی روسی مشرق بعید کے ساتھ تخلیقی معیشت میں تعاون بڑھانے کی تجویز

ولادی ووستوک: (شاہد گھمن) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے مشرق بعید کے درمیان تخلیقی معیشت، فلم، فیشن، دستکاری، جواہرات اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ایسٹرن اکنامک فورم 2026 کے دوران ’’کری ایٹو فار ایسٹ: مقامی برانڈز سے ایشیا پیسیفک کو برآمدات تک‘‘ کے موضوع پر پینل سے خطاب کرتے ہوئے فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستانی فلم سازوں، ڈیزائنرز اور فنکاروں نے روس کے مختلف نمایاں ثقافتی پلیٹ فارمز میں شرکت کی اور پذیرائی حاصل کی، جس سے دونوں ممالک کے ثقافتی روابط کو نئی جہت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی تعاون ایسے وقت میں آگے بڑھ رہا ہے جب پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، رابطہ کاری اور میڈیا کے شعبوں میں پہلے ہی تعاون کی بنیاد موجود ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان روس روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور روسی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون جبکہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی رابطہ کاری کو دوطرفہ تعاون کے اہم عناصر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فلم و اینیمیشن، فیشن و دستکاری، قیمتی پتھروں اور جیولری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے، تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کے تبادلے، ثقافتی و فیشن تقریبات میں شرکت، آڈیو ویژول مواد کی مشترکہ تیاری اور قیمتی پتھروں و دستکاری سے وابستہ کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط کے امکانات موجود ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بہتر ٹرانسپورٹ اور تجارتی رابطہ کاری روس کے مشرق بعید، پاکستان اور جنوبی و وسیع تر ایشیائی منڈیوں کے درمیان تجارتی و ثقافتی تبادلوں کیلئے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹرن اکنامک فورم ثقافت، تخلیقی صنعتوں اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے۔

ایسٹرن اکنامک فورم میں پاکستان کی شرکت اعلیٰ سطحی سرگرمیوں کا حصہ رہی، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بھی 3 ستمبر کو فورم کے مرکزی پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے مشرق بعید کو اقتصادی، بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی تعاون کا اہم خطہ قرار دیا۔

پاکستانی وفد کی شرکت سے روس کے مشرق بعید کے خطوں کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی، ثقافتی اور تخلیقی شعبوں میں براہ راست روابط بڑھانے کے امکانات بھی نمایاں ہوئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...