نشرہ سندھو نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سفیان مقیم کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) اپنی شاندار بولنگ سے پاکستان کو ٹی 20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچانے والی نشرہ سندھو نے پاکستان کیلیے نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
دبئی میں کھیلے جا رہے ویمنز ایشیا کپ کے اہم میچ میں ہانگ کانگ کو ہرا کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا، اس جیت کا سہرا نشرہ سندھو کے سر جاتا ہے، جنہوں نے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی نشرہ سندھو پاکستان کے لیے اہم اعزاز بنانے میں کامیاب ہو گئیں، وہ مینز اور ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی پہلی قومی بولر بن گئی ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 7, 2026
اس سے قبل مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سپنر سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے تین رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی ہوئی تھیں۔
ویمنز کرکٹ میں سب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو اب دوسرے نمبر پر چلی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ویمنز ایشیا کپ میں ہی سری لنکا کی چماری اتاپتو نے ہانگ کانگ کے خلاف 5 رنز دے 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments