نیتن یاہو کی ٹرمپ کو ایران کیخلاف ناکہ بندی اور معاشی دباؤ پر مبارکباد

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے خلاف امریکی ناکہ بندی اور معاشی دباؤ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے ایران کو دنیا میں عدم استحکام کا سب سے بڑا ذریعہ قرار دے دیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران امریکا اور اسرائیل نے تاریخی پیش رفت حاصل کی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بقول ایران اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل ’بدی کے محور‘ کو پہلے سے کہیں زیادہ کمزور کردیا گیا ہے، جبکہ امریکی اور اسرائیلی عوام دہشت گرد قوتوں کے مقابلے میں صدر ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نیتن یاہو نے ایران کے خلاف امریکی اقدامات، خصوصاً ایرانی ناکہ بندی اور معاشی دباؤ کو سراہتے ہوئے صدر ٹرمپ کو ان پالیسیوں پر مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ ایران کے خلاف موجودہ جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور سفارتی کوششیں بھی فعال تھیں۔

حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں اور ایران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ مزید وسیع ہوگئی، جبکہ بعد ازاں ایران پر اقتصادی دباؤ اور بحری ناکہ بندی بھی تنازع کا اہم حصہ بن گئی۔

نیتن یاہو نے ایران کی موجودہ صورتحال کو امریکا اور اسرائیل کی گزشتہ ایک سال کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا، تاہم ایران کے خلاف جنگ اور اس کے اثرات سے متعلق دونوں جانب سے متضاد دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...