پرویزالٰہی کی رائیونڈ عالمی تبلیغی مرکز آمد، مولانا احسان الحق کے انتقال پر تعزیت
لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز پہنچ گئے۔
پرویز الٰہی نے عالمی تبلیغی جماعت کے مرکزی رہنما اور شیخ الحدیث مولانا احسان الحق کی وفات پر ان کے صاحبزادوں مولانا عامر احسان، مولانا عاصم احسان اور رہنما تبلیغی جماعت مولانا احمد بٹلہ سے تعزیت کا اظہار کیا، راسخ الٰہی اور ہمیش خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مولانا احسان الحق کی تبلیغ دین اور ان کی علمی و عملی خدمات کو اللہ تعالیٰ قبول فرمائے، پوری دنیا میں حیات صحابہ کا ترجمہ مولانا احسان الحق کی مقبول ترین کتاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا احسان الحق کی وفات صرف ان کے اہل خانہ کیلئے نہیں بلکہ تبلیغی جماعت کیلئے ایک عظیم صدمہ ہے۔
مولانا عامر احسان نے کہا کہ رائیونڈ کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے چودھری پرویزالٰہی ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
مولانا عاصم احسان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی خدمات سب پر عیاں ہیں، اللہ تعالیٰ چودھری پرویزالٰہی کی خدمات قبول کرے۔
چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی نے امیر عالمی تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمن سے بھی ملاقات کی، مولانا نذر الرحمن نے رائیونڈ آمد پر چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی کو دعاؤں سے نوازا۔
چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی نے مولانا عبدالوہاب اور مولانا احسان الحق کی قبور پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments