صومالی بحری قزاقوں سے بازیاب تین پاکستانی کراچی پہنچ گئے
کراچی: (دنیا نیوز) آنر 25 بحری جہاز کے تین پاکستانی کریو ممبرز صومالی بحری قزاقوں کے قبضے سے بازیاب ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
ایتھوپین ایئر لائن سے کراچی پہنچنے والے پاکستانیوں میں حسین یوسف، عمران علی اور محمد یاسین شامل ہیں، حسین یوسف اور عمران علی کا تعلق کراچی جبکہ محمد یاسین کا تعلق سوات سے ہے۔
تینوں پاکستانی دو روز قبل صومالیہ پورٹ سے ایتھوپیا کے شہر ادیس ابابا پہنچے تھے، دو دن قیام کے بعد آج وطن واپس پہنچے ہیں۔ تینوں پاکستانی قزاقوں کی فائرنگ سے محفوظ رہے تھے۔
تینوں پاکستانیوں کو پنٹ لینڈ سے ایم ٹی اونر جہاز میں بٹھا کر وساسو بھیجا گیا تھا، جہاز کے مالک نے تینوں کریو ممبرز کو جہاز میں موجود تیل صومالیہ پورٹ پر بحفاظت پہنچانے کی ذمہ داری دی تھی۔
کراچی ایئرپورٹ پر متاثرہ پاکستانیوں کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تینوں پاکستانیوں کا خیرمقدم کیا، خیریت دریافت کی اور گلدستے پیش کیے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ سانحہ تھا، متاثرہ پاکستانیوں کے دکھ اور درد کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے متاثرہ پاکستانیوں کے معاملے پر خصوصی توجہ دی۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم نے متاثرین کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کیں اور لمحہ بہ لمحہ باخبر رہے، پیسہ کسی انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائشی پلاٹس اور بچوں کی تعلیم و صحت سے متعلق اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی استطاعت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی کفالت کرے گی، اس حوالے سے موصول ہونے والی امدادی رقم متاثرہ خاندانوں کے حوالے کی جائے گی، صوبائی حکومت نے بھی متاثرہ پاکستانیوں کے معاملے میں بھرپور تعاون کیا ہے۔
گورنر سندھ نے متاثرہ پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی جماعت کی حیثیت سے نہیں بلکہ پاکستانی بن کر یہاں کھڑے ہیں، آپ تنہا نہیں، پوری قوم آپ کے ساتھ ہے، قوم متحد ہو تو ہر قسم کے مشکل حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments