میر رضا کیس: مسجد خضریٰ کی فوٹیج غائب ہونے کا معاملہ، کے الیکٹرک کا اہم جواب
کراچی: (دنیا نیوز) میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن نے مسجد خضریٰ کی پانچ گھنٹوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج غائب ہونے کے معاملے پر حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق کمیشن کو ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی فرخ لنجار اور ڈی آئی جی عامر فاروقی کے جوابات موصول ہوئے۔ کمیشن نے شفافیت کے لیے سینیئر افسران کے جوابات پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔
کمیشن کے رجسٹرار کو سینیئر افسران کے جوابات کی نقول میر رضا کے اہل خانہ اور فوکل پرسن سندھ حکومت کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق مسجد خضریٰ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے متعلق پولیس نے آگاہ کیا تھا کہ 28 جولائی کی شام 5 سے 10 بجے کے درمیان بجلی کی عدم فراہمی کے باعث فوٹیج ریکارڈ نہیں ہوسکی۔
کے الیکٹرک نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ مسجد خضریٰ کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری تھی۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ دوران علاقے میں کوئی فالٹ، لوڈشیڈنگ یا بجلی کا تعطل رپورٹ نہیں ہوا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ میر رضا کے اہل خانہ نے کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔
کمیشن سندھ حکومت کی درخواست پر بنایا گیا ہے، رپورٹ کو پبلک کرنا ہے یا نہیں، اس سے متعلق فیصلہ بھی سندھ حکومت کو کرنا چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments