وزیر خزانہ کی نیدرلینڈز کے کاروباری وفد سے ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے فاؤنڈرز کاربن نیٹ ورک (ایف سی این) کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آئے نیدرلینڈز کے کاروباری و سرمایہ کار وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کے ہمراہ پاکستان میں مملکت نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ بھی موجود تھے۔ ظہرانے میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکرٹری تجارت اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے پاکستان میں دلچسپی لینے پر وفد کو سراہا اور کاروباری روابط، باہمی افہام و تفہیم اور دوطرفہ اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مسلسل روابط سے تجارتی لحاظ سے قابل عمل سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، شراکت داریوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے میں مدد ملے گی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی منظرنامے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات کو پیداواری سرمایہ کاری، سرمائے کی تشکیل، برآمدات میں اضافے اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

ترقی کا اگلا مرحلہ برآمدات، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر مبنی ہونا چاہیے، جس کے لیے مسلسل ساختی اصلاحات اور نجی سرمائے کو زیادہ سے زیادہ متحرک کرنا ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی اہم اقتصادی ترجیحات میں معاشی استحکام کو مستحکم کرنا، مالیاتی اور بیرونی شعبوں کی مضبوطی بڑھانا، پائیدار اور جامع ترقی، ساختی اصلاحات پر عمل درآمد، امداد پر انحصار سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقلی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، زراعت، رہائش اور محروم طبقات کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانا اور ڈیجیٹلائزیشن و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنا شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔

ان کامیابیوں کو برقرار رکھنا اور بیرونی معاشی جھٹکوں کے مقابلے میں ملکی معیشت کی مضبوطی بڑھانا سرمایہ کاروں کے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کو درپیش دو اہم وجودی چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عوامل اقتصادی پائیداری، انسانی ترقی اور طویل مدتی استقامت پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مسلسل پالیسی توجہ اور مربوط اصلاحات کی ضرورت ہے۔

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعاون کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نیدرلینڈز کی مہارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کی تکمیل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کو نجی سرمایہ متحرک کرنے، خصوصی مہارت سے فائدہ اٹھانے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کو تجارتی لحاظ سے قابل عمل منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری نے نجکاری اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کی شرکت بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کارکردگی بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور تجارتی سرگرمیوں میں نجی شعبے کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے معاشی استحکام، بیرونی شعبے کی مضبوطی اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کی اہمیت اجاگر کی، جو پیداواری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ہیں۔

انہوں نے تجارتی سہولت کاری بورڈ کے کردار کو بھی اہم قرار دیا، جو تجارتی رکاوٹیں دور کرنے اور اداروں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں معاون ہے۔

نیدرلینڈز کے کاروباری وفد نے پاکستان میں کاروباری ماحول اور دوطرفہ تعاون سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر کاروباری روابط مضبوط بنانے، مشترکہ مفادات کے شعبوں کی نشاندہی اور قابل عمل شراکت داریوں کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان قریبی کاروباری روابط کو سرمایہ کاری، تجارت اور طویل مدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے میں مشترکہ دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

حکومت نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...