وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر سمارٹ سکینرز نصب کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور سفر میں مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی منظوری دے دی، وزیراعظم نے ایئرپورٹس پر فوری سمارٹ سکینرز نصب کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسٹمز حکام کی بجائے سمارٹ سکینرز کے ذریعے سامان کی جانچ کی جائے، کسٹمز حکام کی جانب سے مسافروں کو بلا ضرورت پوچھ گچھ کرکے تنگ کرنے سے روکا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے فرسودہ طریقہ کار ترک کرنا ہوگا، مسافروں کی سہولت اور آرام اولین ترجیح ہے، کسی کو بھی مسافروں کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے سمارٹ سکینرز فوری طور پر فضائی راستے سے پاکستان منگوا کر تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر نصب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے بین الاقوامی سطح پر رائج خودکار نظام لایا جائے گا، ہوائی اڈوں پر دیگر سہولیات کے لیے تعینات عملے کی بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سروس ڈلیوری میں شائستگی اور انسانی احترام کو تربیت کا کلیدی جزو بنایا جائے، انہوں نے کسٹمز کی جانب سے انفورسمنٹ کے نئے نظام کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ محصولات کی چوری روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے، ٹیکس ادا کرنے والے کاروبار قابل احترام ہیں جبکہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، ہم غریب عوام کے پیسے کے امین ہیں اور اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ کا سنگِ میل ثابت ہوگا: وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹمز کے نظام کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں سمیت ملک کے مختلف مقامات پر سامان کی آمدورفت اور کسٹمز کی نگرانی کا جائزہ پیش کیا گیا۔

اجلاس کو کسٹمز انفورسمنٹ فورس کی کارکردگی اور پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کے تحت ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کے قیام اور عملی فعالیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، انڈس کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے قیام کے ابتدائی تین ہفتوں میں 80 کارروائیوں کے دوران تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء ضبط کیں جبکہ 865 اہلکار تعینات کیے گئے اور 26 اہم راہداریوں کا احاطہ کیا گیا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سمگل شدہ کپڑے، گاڑیوں، سگریٹس، ہائی اسپیڈ ڈیزل، آٹو پارٹس اور دیگر اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کسٹمز کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 280 گڈز ایویلیوٹرز کی بھرتی بھی مکمل کر لی گئی ہے، جن کی تربیت اکتوبر اور نومبر 2026 میں ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں کسٹمز انفورسمنٹ کے نظام کو یکجا کرتے ہوئے ملک بھر میں ایک مربوط ادارہ قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ارکان قومی اسمبلی عثمان اویسی، رانا ارادت شریف خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...