وزیرِ خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک روانہ ہوگئے، جہاں وہ 12 سے 18 اکتوبر تک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر خزانہ کی عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں، عالمی بینکوں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانا، پاکستان کے معاشی منظرنامے اور ساختی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کرنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورت حال، جاری اصلاحاتی اقدامات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

 وزیر خزانہ عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے سامنے پاکستان میں سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ اور نجی شعبے کی ترقی کے امکانات بھی اجاگر کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر خزانہ کی سعودی عرب، چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور تھائی لینڈ کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ امریکی محکمۂ خزانہ کے حکام سے بھی ملاقات ہوگی، جس میں اقتصادی تعاون اور اصلاحاتی ترجیحات زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی پیش رفت، اصلاحاتی اقدامات اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب جے پی مورگن، سٹی، ڈوئچے بینک اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ سمیت معروف عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی سرمایہ منڈیوں تک پاکستان کی رسائی کے امکانات اجاگر کرنا، بین الاقوامی مالیاتی تعاون کو فروغ دینا اور ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار مواقع کی نشاندہی کرنا ہے۔

وزیر خزانہ کی علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس کے فروغ، ڈیجیٹل تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔

دورے کے دوران وزیر خزانہ جی-24 اور وی 20 سمیت اہم عالمی اقتصادی فورمز میں بھی شرکت کریں گے، وہ موسمیاتی اقدامات، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی سے متعلق عالمی اجلاسوں میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب ملک کی پیش رفت کو اجاگر کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی ترجیحات میں برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور نجی شعبے کو ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا شامل ہے، حکومت معاشی استحکام کے ثمرات کو عملی اقتصادی سرگرمیوں، کاروباری مواقع اور روزگار میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

محمد اورنگزیب عالمی میڈیا اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں رائٹرز، بلومبرگ، نکی ایشیا اور وال سٹریٹ جرنل شامل ہیں، ان ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، حکومتی اصلاحاتی ترجیحات اور سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے عالمی میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ کا دورۂ بنکاک پاکستان کے عالمی مالیاتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں دورے کے دوران خصوصی توجہ سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی تعاون کو وسعت دینے پر مرکوز رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...