خوبصورت منظر کی تصویر لیتے امریکی خاتون گہری کھائی میں گر کر ہلاک
روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے شمالی علاقے ڈولومائٹس میں خوبصورت منظر کی تصویر بنانے کی کوشش کے دوران 36 سالہ امریکی سیاح تقریباً 300 میٹر گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگئی۔
اطالوی میڈیا کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی مشیل الیخاندرا روبیو لیوا گزشتہ ہفتے اہل خانہ کے ہمراہ فورسیلا پورڈوئی کے قریب موجود تھیں، مشیل اپنے خاندان کے ساتھ کیبل کار اسٹیشن کی جانب جا رہی تھیں، جہاں سے انہیں ساس پورڈوئی کی چوٹی پر واقع مشہور ریسٹورنٹ جانا تھا۔
اسی دوران خوبصورت منظر کی تصویر لینے کیلئے نشان زدہ راستے سے ہٹتے ہوئے ان کا پاؤں پھسل گیا، حادثے کے وقت گروپ سطح سمندر سے تقریباً 9 ہزار فٹ بلندی پر تھا۔
مشیل کی بہن نے امدادی اداروں کو اطلاع دی، تاہم امدادی کارکنوں کی کوششوں کے باوجود انہیں جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا، حادثہ ہفتے کی دوپہر ساڑھے 12 بجے سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔
گوئٹے مالا میں پیدا ہونے والی مشیل نے بریگھم ینگ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور حال ہی میں میامی کی ایک کمپنی میں کمیونیکیشنز منیجر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
فورسیلا پورڈوئی ڈولومائٹس کے یونیسکو عالمی ورثے میں شامل علاقے کا حصہ ہے اور اپنی بلند چٹانوں اور قدرتی مناظر کے باعث سیاحوں میں مقبول ہے، تاہم یہاں کی دشوار گزار ڈھلوانیں اور ڈھیلے پتھر پیدل چلنے والوں کیلئے اکثر خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments