انتخابی اصلاحات کی کمیٹی میں اتحادیوں کی نمائندگی کا معاملہ حکومت کیلئے چیلنج بن گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دینے کا معاملہ حکومت کے لیے چیلنج بن گیا، ایم کیو ایم نے کمیٹی میں صرف ایک رکن شامل کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نظرثانی کا مطالبہ کر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید امین الحق نے حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پارلیمانی کمیٹی میں ایم کیو ایم کی صرف ایک نشست مختص کرنے کے فیصلے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حکومت کی بڑی اتحادی جماعت ہے اور اسے پارلیمانی کمیٹی میں مناسب نمائندگی ملنی چاہیے، قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے 22 ارکان موجود ہیں، اس لیے کمیٹی میں ایک کے بجائے دو ارکان شامل کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اس معاملے پر حکومتی قیادت سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایم کیو ایم کو انتظار ہے کہ حکومت اس مطالبے پر کیا فیصلہ کرتی ہے، امید ہے کہ نظرثانی کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے مثبت جواب دیا جائے گا۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ دو سے تین روز میں فیصلہ کرکے ایم کیو ایم کو آگاہ کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments