یورپی ممالک کی درجنوں پروازوں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول، فضائی سفر شدید متاثر
برسلز: (دنیا نیوز) یورپ کے مختلف ممالک میں درجنوں مسافر پروازوں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہوگیا۔
ایک دن میں 30 پروازیں دھمکیوں کی زد میں آئیں جس کے باعث بعض طیاروں کو ہنگامی طور پر دوسرے ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا جبکہ کئی پروازوں کو لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں لیا، دھمکیاں پراگ، پیرس، روم، برسلز، میلان اور صوفیا جانے والی پروازوں کو موصول ہوئیں۔
فرانس میں ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو لڑاکا طیاروں نے روک کر ایک فوجی اڈے پر اتارا جبکہ بلغاریہ میں تین مسافر طیاروں کو لڑاکا طیاروں کی مدد سے بحفاظت زمین پر اتارا گیا۔
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پیرس جانے والی ایل او ٹی کی پرواز کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا جبکہ اسپین میں بھی متعدد پروازوں کی تلاشی لی گئی۔
حکام کے مطابق تاحال دھمکیوں کے پیچھے کسی ملک یا گروہ کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، ماہرین نے ان واقعات کو ممکنہ مربوط ہائبرڈ حملوں کا حصہ قرار دیا ہے۔
یورپی ممالک ماضی میں روس پر تخریبی اور ہائبرڈ حملوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم ماسکو ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments