بلاول بھٹو کی لاڑکانہ کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ ڈویژن کے اہم ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل احمد سومرو، اراکین پارلیمان اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر لاڑکانہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب، پھل و سبزی منڈی کی منتقلی اور شہداد کوٹ کی سیوریج اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سہیل قریشی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاڑکانہ میں نکاسی آب، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی تیار کر لی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا مقصد شہر کے ہر گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچانا اور سیوریج و نکاسی آب کا جدید نظام فراہم کرنا ہے، منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔

سیکرٹری زراعت زمان ناریجو اور ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور نے پھل و سبزی منڈی کی منتقلی کے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ 9 ایکڑ پر قائم منڈی کو 40 ایکڑ پر محیط نئی منڈی میں منتقل کیا جائے گا، جہاں جدید بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی منڈی کے منصوبے پر عملی کام جنوری 2027 میں شروع ہوگا اور اسے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔

شہداد کوٹ کی سیوریج سکیم سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر کام جاری ہے اور 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، سکیم آئندہ سال مکمل کر لی جائے گی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...