بوسنیا کے حیات ٹی وی کا علامہ اقبال کو منفرد خراجِ عقیدت، خصوصی دستاویزی فلم نشر
سرائیوو: (دنیا نیوز) یوم اقبال کے موقع پر بوسنیا کے حیات ٹی وی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی دستاویزی فلم تیار کی گئی ہے، جس میں علامہ اقبال کی زندگی، فکر اور آفاقی پیغام کو اجاگر کیا گیا ہے۔
دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی ابتدائی زندگی، تعلیم اور فکری ارتقا کے مختلف مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے فلسفہ خودی، خود شناسی، خود اعتمادی اور انسانی صلاحیتوں کو بیدار کرنے کے پیغام کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
حیات ٹی وی کی خصوصی دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی فکر و عمل اور ان پر اثرانداز ہونے والی اہم شخصیات کا تذکرہ بھی شامل ہے۔ فلم میں شاعرِ مشرق کی شہرۂ آفاق تصانیف اور مختلف مشاہیر کی جانب سے ان کی شخصیت اور فکر کے حوالے سے آرا بھی پیش کی گئی ہیں۔
دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کے علمی و فکری تجربات اور یورپی، بالخصوص جرمن فلسفے سے ان کے تعلق کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔
فلم میں علامہ اقبال کو ایسی فکری شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جن کا پیغام سرحدوں سے ماورا ہے۔ دستاویزی فلم میں انہیں ہر عہد اور ہر ملک کا شاعر قرار دیتے ہوئے ان کے آفاقی پیغام اور فکر کی عالمگیر اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments