امریکی صدر ٹرمپ آج قطری وزیرِاعظم سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر کے دفتر کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ آج قطر کے وزیرِ اعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں اس ملاقات کے ایجنڈے یا زیرِ بحث موضوعات کی کوئی تفصیل نہیں دی گئی، بظاہر یہ ملاقات پہلے سے اعلان کردہ سرکاری دورے یا پروگرام کا حصہ بھی نہیں تھی۔

چند ہفتوں کے دوران قطر تہران اور واشنگٹن کے درمیان اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے، اس عرصے میں قطری وفود ایران اور ایرانی وفود دوحہ کا دورہ کرتے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان رابطوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ نئے معاہدے کے مسودوں اور پیغامات کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے۔

تہران کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں شامل سات شرائط کو قبول کرنا اور ان پر عمل درآمد کسی بھی نئے مذاکرات کی پیشگی شرط ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کو بھی انہی شرائط سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔

یہی شرائط بظاہر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی تنقید کا نشانہ بنی تھیں، جنہوں نے تفصیلات بیان کیے بغیر انہیں ناقابل قبول اور مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...